اوکاڑہ؛ پولیس دربار کا انعقاد،آر پی او مرزا فاران  بیگ کی اہلکاروں کو موثر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت 

25

اوکاڑہ،31دسمبر(اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال  مرزا فاران  بیگ کی زیر صدارت پولیس لائن میں پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا ،جس میں ضلع کے ڈی ایس پیز ،ایس ایچ اوز،ایلیٹ فورس،ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کے افسران و اہلکاران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

آر پی او نے فورس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس دربار کے انعقاد کی دیرینہ روایت محکمہ پولیس میں چلی آر ہی ہے جو کہ مثبت اقدام ہے ،پولیس دربارکے انعقاد کا مقصد سینئر افسران کا اپنے خیالات اور توقعات شیئر کرنا اور فورس کے مسائل کو جاننا و حل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اپنے محکمانہ یاذاتی مسائل سے متعلق مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں ،فورس کی ویلفئیر کےلئے میرے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔

ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال  مرزا فاران  بیگ نے کہا کہ بطور ریجنل  سربراہ میری خواہش ہے کہ پولیس افسران و اہلکاران جرائم کے خلاف زیر وٹالرینس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے موثر کارکردگی کا مظاہرہ کریں، قانون کی با لا دستی کو قائم رکھنے کےلئے ہمہ تیار رہیں،تھانہ کی سطح پر مظلوم ،مجبور ،غریب سائلین کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں اور انہیں انصاف فراہم کریں ،ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائے،حادثات کی روک تھام کےلئے کم عمر بچوں کو شاہراہ عام پر ڈرائیونگ سے روکیں اورایسے بچوں کے والدین کو بھی تنبیہ کریں کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو ہر گز گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے نہ دیں۔

دربار کے اختتام پر پولیس افسران و اہلکاران نے ٹرانسفر ، پوسٹنگ، چھٹی ، پنشن ، گریجوایٹی ، ٹریولنگ الاﺅنس و دیگر مسائل پیش کیے۔آر پی او  ساہیوال نے متعلقہ افسران کو مسائل کے بر وقت حل کےلئے ہدایات جاری کیں۔