اٹک؛ یوم قائد اعظم اور کرسمس کے سلسلے میں تقریبات میونسپل کمیٹی میں منعقد

25

اٹک،24 دسمبر(اے پی پی):یوم قائد اعظم اور کرسمس کے سلسلے میں تقریبات میونسپل کمیٹی اٹک میں منعقد ہوئیں  جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل اٹک ذوالفقار احمد تھے۔اس موقع پر چیف آفیسر بلدیہ اٹک سردار آفتاب احمد خان،انجمن تاجران کے راشدالرحمان،سماجی رہنما اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔

اےڈی سی جی اٹک نے اس موقع پر تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح برصغیرپاک وہند کے عظیم رہنما ہیں جنہوں نے مسلمانان ہند کے لیے تاریخی جدوجہد کرتے ہوئے الگ مملکت پاکستان کا قیام عمل میں لائے اوراس کا مقصد تھا کہ ایسا وطن موجود ہو جہاں دین اسلام کے احکامات کے مطابق زندگی بسر کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانیوں کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح کی عملی جدوجہد اور ارشادات مشعل راہ ہیں جس پر عمل پیرا ہو کرہم کامیابی کی منازل طے کرسکتے ہیں اور اپنے ملک کو دنیا کی عظیم سلطنت بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے یوم قائد اعظم کے حوالے سے کیک بھی کاٹا اور کرسمس کے حوالے سے مسیحی برادری میں تحائف  بھی تقسیم کیے۔کرسمس کے پرمسرت موقع پر انہوں نے مسیحی برادری کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔تقاریب سے سی او بلدیہ اٹک سردار آفتاب احمد خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔