ایڈیشنل آئی جی صاحبزادہ شہزاد سلطان نے جنوبی پنجاب پولیس کی کمانڈ سنبھال لی

42

ملتان،29 دسمبر(اے پی پی ): ایڈیشنل آئی جی صاحبزادہ شہزاد سلطان نے جنوبی پنجاب پولیس کی کمانڈ سنبھال لی ہے ۔ جنوبی پنجاب پولیس دفتر آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، آر پی او ملتان ڈاکٹر معین مسعود، سی پی او ملتان شاکر داوڑ، اے آئی آپریشنز قاضی علی رضا اور ایس پی لیگل حاکم نول نے استقبال کیا ۔

ایڈیشنل آئی جی صاحبزادہ شہزاد سلطان نے تمام برانچ ہیڈز سے تعارفی ملاقات کی اور کہا کہ جنوبی پنجاب پولیس کی کمانڈ ملنا، قابل فخر ہے۔

ایڈیشنل آئی جی نے تمام ریجنل اور ضلعی پولیس سربراہان سے ویڈیو لنک اجلاس کیا، پولیسنگ اور مثبت عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترجیحات عوام کے مسائل کے حل اور پولیس کی ویلفیئر کیلئے وقف کرنا عزم ہے،پولیس دن رات ہر حالات میں فیلڈ میں موجود ہے اور ڈیوٹیاں سر انجام دے رہی ہے، رویوں کی بہتری سے پولیس کے وقار کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں میں عوام کے مسائل کو انکی دہلیز پر حل کیا جائے اور انوسٹی گیشن کے عمل کیلئے وسائل کا استعمال بڑھایا جائے۔

ایڈیشنل آئی جی نے  ٹاؤٹوں کے تھانوں میں داخلہ پر مکمل پابندی کا حکم دیا، عوام براہ راست اپنے مسائل سے اعلیٰ افسران کو آگاہ کرے۔ انہوں نے کہا جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا کر کرائم کنٹرول ممکن ہے۔

ایڈیشنل آئی جی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے،منشیات کے خاتمے کے لیے تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کچہ میں جرائم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں کے خاتمے کے لیے باقاعدہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

شہزاد سلطان نے کہا کہ تھانوں میں ریکارڈ ہر وقت آپ ٹو ڈیٹ رکھا جائے، غیر قانونی حراست بلکل برداشت نہیں کی جائے گی،سزا اور جزا کا عمل گریوٹی کی بنیاد پر ہو گا۔ انہوں نے کہا کرپشن میں ملوث افسران و ملازمان کی سزا ڈسمس فرام سروس ہی ہو گی۔

ایڈیشنل آئی جی نے افسران کو ہدایت کی کہ سماجی رویوں کی بہتری اور ڈسپلن کا خیال فرض عین ہے، میڈیا سے اچھے ریلیشنز سے مسائل کا تدارک آسانی سے ممکن ہے لیکن میڈیا کا نام استعمال کرنے والوں کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اور مثبت پالیسیوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔