بورے والا،11دسمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اچانک رات گئے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بورے والا کا دورہ کیا۔انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف وارڈز کا جائزہ لیااور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو دیکھا۔
ڈپٹی کمشنر نے زیر علاج مریضوں کی تیمارداری بھی کی اور ان سے طبی سہولیات کی فراہمی بارے بھی دریافت کیا۔ مریضوں نے علاج معالجے کی سہولت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ڈاکٹرز اور سٹاف کی حاضری کو بھی چیک کیااور ہسپتال کے ریکارڈ ، فارمیسی اور ادویات کی فراہمی کی جانچ پڑتال کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پرصحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ڈاکٹرز اور سٹاف خدمت خلق کےجذبہ سے فرائض ادا کریں۔
ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عمران بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔











