اوکاڑہ،19دسمبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ بچوں کی پیدائش کا اندراج مستقبل کی منصوبہ بندی کے لئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، بچوں کی پیدائش کا اندراج ولدیت اور شہریت کا ثبوت ہونے کے ساتھ ساتھ بطور شہری اس بچے کا اپنی حکومت سے پہلا رابطہ ہے، پنجاب حکومت نے اس سلسلہ میں جو مہم شروع کی ہے والدین اس سے فائدہ اٹھائیں اور بغیر کسی فیس کے اپنے بچوں کا اندراج اپنی یونین کونسل میں کروائیں، پیدائش کا اندراج جہاں بچے کے بنیادی تحفظ کا ضامن ہے، بچے کی صحت کی سہولیات تک رسائی کو سہل بناتا ہے وہیں پر مفت تعلیم کے لئے بھی اس کی معاونت کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچوں کی پیدائش کے اندراج کی خصوصی آگاہی مہم کے سلسلہ میں میونسپل کمیٹی میں منعقدہ واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے شرکائے واک سے اپیل کی کہ وہ اس خصوصی مہم سے متعلق لوگوں کو آگاہی دینے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ کوئی بچہ پیدائش کے بعد اندراج سے نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی پیدائش کا سرٹیفیکیٹ بطور پاکستانی شہری ان کی شناخت ہے(ب) فارم اور پاسپورٹ کے حصول میں کار آمد ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے مفت ویکسیئن پلانے سفارت خانوں اور سرکاری اداروں میں تصدیق میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ انوش ڈینئل نے کہا کہ بچے کی پیدائش کے بعد یونین کونسل میں نارمل اندراج 60 دن کے اندر سیکر یٹری یونین کونسل کرے گا جبکہ لیٹ اندراج 60 دن کے بعد 7 سال تک مقامی حکومت کے سر براہ سے اجازت لیکر کیا جا رہا ہے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو ظہیر لیاقت بیگ کی قیادت میں واک کے شرکاء نے میونسپل کمیٹی کے دفتر سے غوثیہ چوک تک واک کی واک کے شرکاء نے آگاہی بینرز اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔











