تھرپارکر،16دسمبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے سول ہسپتال مٹھی کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران سول انتظامیہ سے بریفنگ لینے کے بعد ہسپتال کے وارڈ، لیبارٹری سمیت دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ہسپتال میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں اور وارڈوں میں زیر علاج مریضوں نے بہتر علاج نہ ہونے اور ادویات نہ ملنے کی شکایتیں کی، جس پر وفاقی وزیر ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے سول ہسپتال انتظامیہ کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سول ہسپتال مٹھی ملک کے بہترین ہسپتالوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ اس لیے یہاں علاج کے لیے آنے والے مریضوں کو بہتر علاج سمیت صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، جو بھی شکایات سامنے آرہی ہیں ان کو دور کرنے کی کوشش کی جائے جب حکومت صحت کی سہولیات مفت فراہم کر رہی ہے تو وہ سہولیات عوام کو ملنی چاہیے۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا کہ تھرپارکر پسماندہ علاقہ ہے یہاں کے لوگ غریب ہیں ان کو بہتر علاج کی سہولیات دینا ہمارہ فرض ہے جو وفاقی حکومت اور سندھ حکومت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے سول ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں صاف پانی، صفائی سمیت دیگر انتظامات کو بھی بہتر بنایا جائے اور غفلت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گریس کمار، سول سرجن ڈاکٹر زاہد میمن اور ڈاکٹرز موجود تھے۔











