دیپالپور، 22 دسمبر(اے پی پی):دیپالپور کمشنرفنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین نے کہا ہے کہ کر سمس کا تہوار صلح ،سلامتی،امن، محبت،بھائی چارہ اور خوشیاں بانٹنے کا دن ہے حضر ت عیسٰی علیہ السلام کی زندگی سادگی، حلیمی اور محبت کے سبق سے بھر پور ہے کرسمس کے مقدس تہوار کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر انسانیت کی فلاح و بہبود پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے سے بے لوث ہو کر کام کریں گے پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں ہمیں پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے اور یہاں پر بسنے والے تمام انسانوں کی بہتری کے لئے مذہب، رنگ، نسل، عقیدہ اور فرقہ سے بالا تر ہو کر جراَت، حوصلہ مندی سے بہتری کے لئے کام کرنا ہے ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم سچائی اور انصاف کی سر بلندی کے لئے پورے خلوص سے کام کریں گے،ہمیں محبت ،انسانیت کی خدمت اور معاشرتی ترقی، استحکام اور ملک کو دہشت گردی اور جرائم سے پاک کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کو آرٹر ہسپتال میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں پاسٹر ذیشان بینٹ،ڈاکٹر محمد اویس،محمد شکورسمیت کرسمس کمیونٹی کے مرد و خواتین،سٹاف نرسز،بچوں،مذہبی رہنماؤں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی میں مسیحی بھائیوں نے جو کردار ادا کیا ہے کہ وہ تاریخ کا حصہ ہے،قیام پاکستان سے لیکر آج تک مسیحی کمیونٹی پاکستان کے امن، ترقی،خوشحالی کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے پاکستان میں مسلمان،عیسائی اور دوسری اقلیتیں جس امن اور بھائی چارہ سے رہ رہے ہیں وہ بھی پوری دنیا کے لئے مثال ہے ۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین نے کرسمس کا کیک کاٹا اوربچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے اور بچوں نے کرسمس کے حوالے سے ٹیبلو پیش کئے اور گیت بھی گائے ۔











