حکومت پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے لیے پرعزم ہے؛ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری شاہدہ رحمانی

45

کراچی،29دسمبر  (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت و پیداوار شاہدہ رحمانی نے پاکستان سٹیل ملز کی جلد از جلد بحالی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 پارلیمانی سیکرٹری نے پاکستان سٹیل ملز کے دورے کے دوران سٹیل ملزکی بحالی پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ چینی کمپنیوں نے اس سلسلے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ پاکستان سٹیل ملز جلد اپنی پیداوار شروع کر دے گی۔

شاہدہ رحمانی نے سٹیل ملز کی موجودہ صورتحال پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سٹیل  ملزکی جانب سے اس کی بحالی کے لیے مالی سال 2009-10ء میں طلب کئے جانے والے 20ارب روپے فراہم کردئیے جاتے تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ انہوں نے پاکستان سٹیل ملز کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 589 اہلکاروں پر مشتمل سیکیورٹی عملہ 19 ہزارایکڑ اراضی کو محفوظ بنانے کے لیے ناکافی ہے۔

پاکستان سٹیل ملز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سیف الدین جونیجو نے پارلیمانی سیکرٹری کو پاکستان اسٹیل ملز کے موجودہ مسائل، اس کی بحالی کی حکمت عملی اور اس مقصد کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

 ڈاکٹر سیف الدین جونیجو نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی موجودہ افرادی قوت 3 ہزار 293 ملازمین پر مشتمل ہے جس میں سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کا 589عملہ شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل 5 ہزار 282ملازمین کو پہلے ہی ان کی ملازمتوں سے فارغ کیا جا چکا ہے۔