سیالکوٹ،25دسمبر(اے پی پی): پولیس نے 2 خطرناک گینگز کے 5 ڈاکوؤں کو سرغنوں سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔
ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ محمد فیصل کامران نے جرائم کی بیخ کنی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر رکھے ہیں اس سلسلہ میں ایس ایچ او تھانہ سمبڑیال انسپکٹر لیاقت علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے قاسم عرف قاسو موٹر سائیکل چور گینگ کے 2 ملزمان اور ایس ایچ او تھانہ رنگپورہ نے عدیل عرف عدیلہ گینگ کے 3 ملزمان کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ہے، ملزمان ڈکیتی، راہزانی، موٹر سائیکل چوری اور نقب زنی کی 35 وارداتوں میں ملوث تھے، ملزمان اسلحہ کے زور پر شہریوں سے نقدی، موٹر سائیکل، موبائل فون و دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔
دوران تفتیش ملزمان کے قبضہ سے شہریوں کی چھینے و چوری کیے ہوئے 17 لاکھ روپے مالیت مال مسروقہ 10موٹر سائیکلیں، 9سمارٹ فونز، نقدی 1لاکھ 90ہزار روپے 2بیٹریاں اور ناجائز اسلحہ 4پسٹل برآمد ہوئے ہیں۔ ملزمان کی شناخت قاسم عرف قاسو ولد محمد اکرام سکنہ گجرانوالی نزد چھاؤنی سلہریاں سیالکوٹ ،محمد علی ولد اشتیاق احمد سکنہ چک اسلام پورہ میلسی ضلع وہاڑی ، عدیل عرف عدیلہ ولد باقر سکنہ رائے والا ڈسکہ ، ثاقب ولد مبارک علی سکنہ رائے والا ڈسکہ ، عرفان ولد محمد اکرم سکنہ باجڑہ گڑھی سیالکوٹ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ملزمان کے خلاف سیالکوٹ ضلع میں راہزنی، ڈکیتی ، نقب زنی اور ، سرقہ وہیکل کے 35 مقدمات درج ہیں جنہوں نے 40 سے زائد وارداتوں کے انکشافات بھی کیے ہیں، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جن سے مزید برآمدگی عمل میں لائی جائے گی ۔
ڈی پی او سیالکوٹ محمد فیصل کامران نے پولیس ٹیموں کے لئے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔











