سیلاب متاثرین کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں، ایف ایف سی اپنے ان بہن ، بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی،بر گیڈئیر طلعت محمود جنجوعہ (ر)

6

رحیم یارخان، 06 دسمبر(اے پی پی): سیلاب متاثرین کی مشکلات اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، فوجی فرٹیلائزرکمپنی لمیٹیڈ گوٹھ ماچھی اپنے ان بہن ، بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی چاہے وہ اُن کے تباہ حال گھروں کی تعمیر ہو،گندم کی بیجائی کا بیج ہو یا یوریا کھاد، راشن کی تقسیم اور وبائی امراض سے متاثرہ مریضوں کی تشخیص اور دوائیوں کی فراہمی یہ تمام خدمات بغیر کسی تعطل کے جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریزیڈنٹ منیجر ایف ایف سی گوٹھ ماچھی بر گیڈئیر طلعت محمود جنجوعہ (ریٹائرڈ)نے احمدپورلمہ، چوک سویترا اور  رحیم آباد  میں دو روزہ مختلف تقریبات اور  گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول مظہر فرید کالونی مرکز واحد بخش لاڑ میں  کلاس روم کی بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

بر گیڈئیر طلعت محمود جنجوعہ(ر) نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ مون سون کی بارشوں اور اس کے بعد سیلاب نے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے ، جس سے لاکھوں افراد کا نظام زندگی بُری طرح متاثر ہوا ہے۔ہمارہ ادارہ اپنے ان پاکستانی بہن بھائیوں کی مشکلات اور مسائل سے بخوبی واقف ہے اور اپنے تمام وسائل ان کی دوبارہ آبادکاری اور روزگار کے وسائل کی فراہمی پر خرچ کررہا ہے۔ اسی سلسلے  میں ہم نے سیلاب متاثرین میں بروقت گندم کی کاشت کے لیے بیج اور یوریا کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا  اور کہاسیلاب متاثرین میں وبائی امراض کی روک تھام کے لیے قابل ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل کیمپ بھی لگا یا گیا ہے جہاں پر مریضوں کی تشخیص کے ساتھ ساتھ ادویات بھی دی جا رہی ہیں ، جسم اور روح کے رشتے کو برقرار رکھنے کے لیے معیاری خوراک انسان کی بنیادی ضرورت ہے جس کے پیش نظر ایف ایف سی گوٹھ ماچھی نے سیلاب متاثرین اور مستحقین میں راشن کی فراہمی کو بھی  جاری رکھا  ہوا ہے۔سیلاب نے جہاں متاثرین کے مال مویشی اور زمینوں کو متاثر کیا ہے وہیں پر ان کے گھر بھی سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ نہیں رہے۔ ایف ایف سی گوٹھ ماچھی نے متاثرین کو دوبارہ ان کے گھروں میں آباد کرنے کے لیے بھی سروے مکمل کر لیا ہے اور آج سے ہم اُن کی تعمیر کا کام شروع کرنے جا رہے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ  حالیہ سیلاب اور بارشوں سے تباہ کاریوں کی پاکستانی تاریخ میں مثال بہت کم ملتی ہے، تمام متاثرین کی بحالی کے لیے معاشرے کے ہر شہری اوراداروں کو اپنا مثبت اور بروقت کردار ادا کرناوقت کی اہم ضرورت ہے ۔