صحت مند معاشرہ کے تشکیل میں ماں اور بچے کی صحت کا معاملہ اولین اہمیت کا حامل ہے؛ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا

9

اوکاڑہ،3دسمبر(اےپی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرہ کے تشکیل میں ماں اور بچے کی صحت کا معاملہ اولین اہمیت کا حامل ہے، پنجاب میں صحت اورغذائیت سے متعلق ہفتہ آگاہی کے لئے انتظامیہ ،محکمہ صحت اور محکمہ انفارمیشن سمیت تمام سرکاری ادارے بھرپور اقدامات کریں تاکہ شہروں ،قصبات اور دیہات کی سطح پر لوگوں تک موثر پیغام پہنچے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کو آرٹر ہسپتال سٹی میں پانچ دسمبر سے شروع ہونےو الے ہفتہ غذائیت (ماں اور بچے کی صحت) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ہمیں اجتماعی کاوشوں سے اپنے مطلوبہ ہدف کو حاصل کرنا ہے، بچوں میں غذائیت کی کمی کو دور اورحاملہ خواتین کی صحت کے معاملہ کو بہتر بنانے کے لئے محکمہ صحت کی

 ٹیمیں گھر گھر جا کر آگاہی دیں اور غذائی پلان سے متعلق بھی راہنمائی کریں تاکہ غذائی کمی سے در پیش بیماریوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ پانچ دسمبر سے شروع ہونے والے ہفتہ غذائیت کے دوران آگاہی و راہنمائی کے سلسلہ میں ڈور ٹو ڈور مہم چلائی جائے اور اس کی مانیٹرنگ کے سلسلہ میں افسران ذاتی دلچسپی و لگن سے کام کریں۔

 اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مہار اختر حسین بلوچ،ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید سجاد حسین گیلانی، مانیٹرنگ آفیسر محمد افضل کمیانہ، ڈسٹرکٹ کوآرڈنیٹرڈاکٹرذوالفقار سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ سی ای او ہیلتھ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مہار اختر حسین بلوچ نے افتتاح کے بعد حاملہ خواتین کی راہنمائی کے لئے لگائے گئے سٹالز اور غذائی ماہرین کی جانب سے بچوں اور حاملہ خواتین کی غذائی ضروریات کے مطابق بنائے گئے پلان سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں 4لاکھ 80ہزار سے زائد بچے ہیں جن کی عمر 2سال سے پانچ سال ہے کی سکریننگ کی جائے گی اور انہیں پیٹ کے کیڑوں کے خاتمہ ،او آر ایس کے ساتھ ساتھ زنگ سیرپ مفت فراہم کیا جائے گا، 80ہزار سے زائد حاملہ خواتین کو غذا کی راہنمائی کے ساتھ ساتھ آئرن ،فولک ایسڈ کی گولیاں مفت فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام بنیادی مراکز صحت ،دیہی مراکز صحت ،تحصیل ہیڈ کو آرٹرز اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹرز سپتالوں کی سطح پر حفظان صحت اور غذائی ضروریات سے متعلق آگاہی سیمینار بھی کروائے جائیں گے ۔