ایبٹ آباد ، 16 دسمبر (اے پی پی ): قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں سیاسی افراتفری چاہتے ہیں، ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر معیشت مستحکم نہیں ہوسکتی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پارٹی سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جماعت ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی افواہیں پھیلا رہی ہے، عمران خان نے بھی اپنے دور اقتدار میں آئی ایم ایف سے معائدے کئے تھے جس کو حکومت ختم ہونے سے قبل توڑ دیا تھا، عمران خان نے عدم اعتماد کی تحریک پر قیمتوں میں تبدیلی لائی تھی ۔
آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ حکومت سخت شرائط کے ساتھ آئی ایم ایف کے ساتھ معائدے کرنے پر مجبور ہوئی جس کا ملبہ عوام پر ہی پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں اسمبلی توڑنے کا اختیار عمران خان کے پاس نہیں ہے یہ تو وزیر اعلیٰ کے دائرہ اختیار میں ہے۔
آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ نہیں رہی منتخب ارکان کا حق ہے وہ عوام کی خدمت کریں ان کے پاس ابھی وقت ہے ۔ان کا کہنا تھا تحریک انصاف کا مطالبہ ملک میں نئے الیکشن کا ہے، پہلے انہوں نے چار سال میں کیا کیا ہے، پہلے بھی بڑے دعوے کئے تھے جب حکومت میں آئے تو تین وزیر خزانہ تبدیل کئے، تحریک انصاف کے پاس معیشت کو بہتر کرنے کی صلاحیت نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل ڈیجیٹل مردم شماری کا مطالبہ بھی ان کا ہے الیکشن سے کوئی نہیں بھاگ رہا ہے اب ملک میں عجیب سیاست ہے اس سے پہلے ایسے نہیں دیکھا ،الیکشن وقت پر ہونا چائیں ،ہم نہیں چاہتے ملک میں افراتفری ہو ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فوج اور جوڈیشری کے خلاف بیانات دیئے ۔الیکشن کمیشن کے پیچھے لگا ہوا جب کہ چیف الیکشن کمشنر کو انہوں نے خود لگایا تھا ۔
آفتاب احمد خان شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ نو سال قبل خیبر پختونخوا میں قرضے 97 بلین تھے۔اب صوبہ 998 ارب کا مقروض ہو چکا ہے ۔عمران خان کہتا تھا نیب ان کے اختیار میں نہیں۔ مالم جبہ،بلین ٹری پراجیکٹ ،بی آر ٹی سمیت دیگر منصوبوں پر کرپشن پر کس نے روکا ۔اب کیسز نکل رہے ہیں ،صوبے کی مالی حالت انہوں نے خود خراب کی ہے ۔
سرحد پر کشیدگی پر آفتاب احمد خان شیر پاؤ کا کہنا تھا کہ موجودہ دہشتگردی پر حالات مذید بگڑیں گے افغانستان میں حکومت ابھی مستحکم نہیں ہے۔افغانستان سے دو ٹوک بات کرنے کی ضرورت ہے، دوطرفہ فائرنگ سے خطہ میں کشیدگی پیدا ہوگی۔
اس موقع پر مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری احمد نواز خان جدون کوہستان کے اضلاع کے تنظیمی ضلعی عہدیدران اور پارٹی کے کارکنان بھی موجود تھے۔











