مری، 02 دسمبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے، سیاحت کے فروغ اوردیگر حوالوں سے میڈیا کا کردار انتہائی مثبت اوراہم رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہال مری میں ڈسٹرکٹ پریس کلب مری،مری پریس کلب،مری الیکٹرانک میڈیااور مری یونین آف جرنلسٹ کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف وفاداری کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر ضلع مری احمد حسن رانجھا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مری اس سلسلے میں میڈیا کی مشاورت اورمسائل کی نشاندہی پر فوری اقدامات کریگی اور ضلع کا درجہ ملنے کے بعد زیادہ سے زیادہ سہولیات اور فوائد عوام کو دئیے جائینگے، ہم سب نے ملکر مری کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کام کرنا ہے ۔
تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر مری صاحبزادہ محمدیوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مری میڈیا سے روابط قائم کرکے ہی عوام کے مسائل تک پہنچے گے، مثبت تنقید صحافیوں کا حق ہے،اس کے علاوہ تمام محکموں کے سربراہان،اہلیان علاقہ نے کثیرتعداد میں شرکت کی اورنومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔











