لاہور، 25 دسمبر( اے پی پی ): وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے ہمارے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کیلئے رکھا ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے،ملازمتوں میں اقلیتوں کا کوٹہ2 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد مقرر کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرسمس کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب میں کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کرسمس کا کیک کاٹا،مسیحی برادری کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقلیتی برادری کے مذہبی تہواروں پر خصوصی فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں، گرجا گھروں کی تعمیر و مرمت کیلئے فنڈز کو بڑھا کر کروڑوں میں پہنچا دیا ہے،جو فنڈز اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے فراہم کئے ہیں وہ انہی پر خرچ کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل حل کئے جائیں گے،اقلیتی برادری کے اراکین اسمبلی کے حلقوں کو مزید مضبوط بنائیں گے،اقلیتی برادری کے لئے میرے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں اور میری نیک نیتی سے کوشش ہے کہ آپ کے تمام مسائل کو حل کیا جائے۔
اراکین پنجاب اسمبلی ہبکوک رفیق ببو، مہندر پال سنگھ، سموئیل یعقوب، یوڈیسٹرچوہان، فوزیہ،سائرہ رضا، پولیٹیکل اسسٹنٹس روبنسن عزیز فرانسیز، عروج رضا سیامی،سمیرا ملک، آرچ بشپ سبسٹین آرچ بشپ آف لاہور، ڈاکٹر مجید ایبل ماڈریٹر پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، سیکرٹری اطلاعات اور دیگر حکام نے تقریب میں شرکت کی۔











