ملتان، 19دسمبر(اے پی پی ): ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا نشتر ڈینٹل کالج سے کچرا اٹھانے کے لئے معاہدہ طے پا گیا ہے، ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کنٹینر فراہم کرنے اور اسے لفٹ کرنے کی ذمہ داری نبھائے گی۔
ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ نے بھی کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے ایم ڈبلیو ایم سی کی خدمات طلب کرلی ہیں ۔ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ اور ایم ڈبلیو ایم سی کے مابین ایم او یو پر دستخط کے لئے دستاویزات کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
ایم ڈبلیو ایم سی نے پی سی بی کو بھی ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی صفائی کے معاہدے کی پیش کش کی ہے ، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی صفائی کے لئے پیش کش “نو پرافٹ نو لاس” کی بنیاد پر کی گئی ہے اور معاہدے کی پیش کش ملتان میں تواتر سے ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کے پیش نظر کی گئی ہے۔ پی سی بی سے معاہدہ ہونے کی صورت میں اسٹیڈیم کی صفائی معمول کے شیڈول کا حصہ بن جائے گی۔
کمپنی کو کنٹینرز، نئی مشینری کی خریداری اور ورکرز کی بھرتی سے قبل آمدنی بڑھانے کے لئے نئی راہوں کی تلاش کی جارہی ہے اور کمپنی نے ریونیو حاصل کرنے کے عوض بڑے اداروں کوصفائی خدمات فراہم کرنے کے لئے مارکیٹنگ شروع کردی ہے۔
ایم ڈبلیو ایم سی سبزی و فروٹ منڈی اور پولیس ٹریننگ سنٹر کو پہلے ہی صفائی کے لئے خدمات فراہم کررہی ہے۔











