ملتان، 02 دسمبر (اے پی پی ): انٹرنیشنل کرپشن فری ڈے کے حوالے سے پاکستان پوسٹ اور نیب ملتان کے اشتراک سے ملتان جنرل پوسٹ آفس میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا ہے۔
واک کی قیادت کرتے ہوئے چیف پوسٹ ماسٹر ملتان جی پی او محبوب الہٰی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ملتان یسرہ ارشد ملک ، ڈویژنل سُپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز ملتان ڈویژن فائزہ خالد راؤ ، عبدالرؤٖ ف خان، شاہد یوسف اسسٹنٹ سُپرنٹنڈنٹ ملتان جی پی او نے کہا کہ بدعنوانی ایک ایسی لعنت ہے جو تمام برائیوں کی جڑہے،بدعنوانی نہ صرف ملک کو مالی طور پر نقصان پہنچاتی ہے، بلکہ بدعنوانی ملک کی خوشحالی اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھی جاتی ہے، بدعنوانی کے ملکی ترقی و خوشحالی پر مضر اثرات کے پیش نظر قومی احتساب بیورو کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوگوں کی حق حلال کی کمائی ہوئی لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
اس موقع پر دیگر مقررین محمد اسحاق خان بلوچ، شاہد ملک، حبیب الرحمان، سہیل انور، اظہرصدیقی، محمدطاہر، فرخ فرید، محمد ریاض اور محمد مظہر نے کہا کہ ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے نیب زیرو ٹالرنس اور خود احتسابی کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے اور ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے نیب نےموثر اینٹی کرپشن سٹریٹجی بنائی جس کو بدعنوانی کے خلاف بہترین حکمت عملی کے طور پر تسلیم کیا گیاہے نیب بدعنوان عناصر کے خلاف اپنے فرائض قانون کے مطابق سرانجام دےکر ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔











