نسٹ یونیورسٹی میں پاکستان کی پہلی فائیو جی انوویشن لیب کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

16

اسلام آباد،14دسمبر  (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام محسن مشتاق  اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں پاکستان کی پہلی فائیو جی  انوویشن لیب کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔لیب پاکستان کی موبائل سہولیات فراہم کرنے والی ڈیجیٹل کمپنی جازکی اور ٹیلی کام ٹیکنالوجیز فراہم کرنے والی کمپنی ہواوےکے تعاون سے قائم کی جارہی ہے۔

اس موقع پر پی ٹی اے کے ممبر فنانس محمد نوید، وی آون کمپنی کے گروپ چیف ایگزیکٹو افسر  کان ترزی اوگلو اورجاز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامرابراہیم سمیت آئی سی ٹی انڈسٹری سے متعلقہ سٹیک ہولڈرز بھی موجودتھے۔یہ لیب ہائی بینڈوتھ،لو لیٹنسی اور جدید ترین سکیورٹی کی بدولت 5فائیو جی کے استعمال کیلئے  ایک تجربہ گاہ کے طور پر کام کرے گی اور تمام سٹیک ہولڈرز کو فائیو جی ٹیکنالوجی کیلئےایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گی جس سے معاشی اور سماجی فوائد حاصل ہوں گے۔یہ فائیو جی انوویشن لیب،محققین کومصنوعی ذہانت، اگمینٹڈ/ورچوئل رئیلٹی اور کلائوڈ ایج کمپیوٹنگ میں فائیو جی کے ممکنہ استعمال کی جانب راغب کرے گی۔اس تجربہ گاہ سے ایجوکیشن،ہیلتھ کیئر،انڈسٹری 4.0، ریٹیلر، زراعت، سکیورٹی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، انٹرٹینمنٹ اور پبلک سیکٹرکے شعبہ جات مستفید ہوسکیں گے۔

وفاقی سیکرٹری نے جازکی اس  کاوش کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ  لیب ایک ایکوسسٹم کی تشکیل میں ہماری مدد کر ے گی تاکہ زرعی ٹیکنالوجی اور ایڈ ٹیک وغیرہ میں سپر فائیو جی کے قابل استعمال معاملات کودریافت کیا جاسکے۔ یہ لیب مصنوعی ذہانت/مشین لرننگ، انٹرنیٹ آف تھنگز اور سائبرسکیورٹی جیسی ٹیکنالوجی کے باہمی تعامل کے لیے راہیں ہموار کرے گی۔

وی آون گروپ کے سی ای او کان ترزی اوگلونے کہا کہ اگرچہ ہماری اولین ترجیح سب کے لیے فورجی کی فراہمی ہے تاہم ہمیں مواصلات کے مستقبل کوبھی مدنظر رکھنا ہے جہاں فائیو جی کا اہم کردارہوگا۔جاز ملک میں جدت لانے کے لیے پرعزم ہے جو کہ کاروبار اور معاشرتی تبدیلی میں مدد کیلئے فائیو جی کی صلاحیت کو بروئے کار لانا چاہتاہے،ہم جن ممالک میں کام کرتے ہیں ان کی خوشحالی میں اضافہ اور صارفین کو بااختیار بنانے کی کوشش کرتے ہیں،پاکستان میں جاز کی فائیو جی ٹیکنالوجی سے لیس یہ تجربہ گاہ اسی مقصد کی ایک کڑی ہے۔

جاز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامر ابراہیم نے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ سال  2020 میں جاز نے فائیو جی ٹیسٹ اور ٹرائلز میں برتری حاصل کی تھی اور آج ہم نسٹ کے تعاون سے پاکستان کی پہلی فائیو جی  انوویشن لیب تیار کر کے اس ترقی کو ایک قدم آگے بڑھا رہے ہیں۔ یہ شراکت داری محققین، کاروباری افراد اور علمی  و دانشور طبقہ کو فائیو جی سے استفادہ کےمواقع، قدر اور افادیت کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد کرے گی ۔