وہاڑی ،24 دسمبر (اے پی پی ):الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنے سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر کرسمس کے موقع پر سو سے زائد مستحق مسیحی گھرانوں میں میں راشن بیگ اور کرسمس تحائف تقسیم کیے۔
تحائف تقسیم کرنے کی تقریب دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ جدیدہ فیصل ٹاؤن میں منعقد ہوئی جس کے مہمان گرامی سابقہ یوسی چیئرمین چوہدری جاوید اقبال اور صدر وہاڑی یوگا کلب تھے۔ مسیحی برادری نے الخدمت فاؤنڈیشن کے اس اقدام پر خوش کا اظہار کیا۔
پروگرام میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع وہاڑی عبدالعزیز بھٹہ، جنرل سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن چوہدری خالد محمود، نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن زاہد جاوید، مولانا ابرہیم منصوری مہتمم جامعہ اسلامیہ جدیدہ، محمد اکرام بٹ، حفیظ اللہ گھمن نے خصوصی شرکت کی۔
شرکاء نے تقریب سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نےہمیشہ ہی ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کیا ہے، خواہ وہ سیلاب کی صورتحال میں ہو یا قدرتی آفات کی صورت میں ہو۔
الخدمت فاؤنڈیشن کی اس کاوش پر چئیرمین آل چرچ کونسل پادری ممتاز ساون، پاسٹر حیات مسیح، جنرل سیکرٹری آل چرچ کونسل پاسٹر یوآب گل اور ممبر ضلعی امن کمیٹی ماسٹر ریاض مسیح ودیگر نے الخدمت کا شکریہ ادا کیا اور آخر میں ملک کی امن و سلامتی کے لیے دعا بھی کروائی گئی۔











