اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر و چئیر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہاہے کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوستانہ تعلقات مثبت سمت میں جا رہے ہیں اور پاکستان تھائی لینڈ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں تھائی لینڈ کے 95ویں قومی دن کے موقع پر ایک تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سالانہ تجارت کے حجم میں 110فیصد اضافہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک بہت سے عالمی اور علاقائی امور پر ایک جیسی سوچ کے حامل ہیں اور ایشیا بحرالکاہل خطے میں امن اور ترقی کے خواں ہیں۔شازیہ مری نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے پر زور دیا اور تھائی لینڈ کے قومی دن کے موقع پر تھائی حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔











