پاکستان میں  ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف کا سیالکوٹ کے  کئی معروف صنعتی یونٹس کا دورہ  ،باہمی تجارت کو فروغ دینے پر زور

34

سیالکوٹ،22اگست  (اے پی پی):پاکستان میں  ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف نے بدھ کو  سیالکوٹ کے  دورہ کے دوران  کئی معروف صنعتی یونٹس کا دورہ کیا اور  سیالکوٹ کو پوری دنیا کو برآمد کرنے کے لیے اعلیٰ معیار کی فٹ بال  اور کھیلوں کے سامان کی تیاری کے شعبے میں حقیقی عالمی رہنما قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ   کھیلوں کی پائیدار مصنوعات تیار کرنے کے لیے محنت کرنے کا سہرا بجا طور پر سیالکوٹ کے صنعت کاروں اور انتہائی ہنر مند مزدوروں کو جاتا ہے ۔

 اس موقع پر سفیر جیکب لینولف نے سیالکوٹ کے کاریگروں کی کاریگری کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے اسپورٹس کے سامان اور آلات جراحی کی تیاری کے عمل میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔

پاکستان میں  ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف نےسیالکوٹ کے برآمد کنندگان پر زور دیا ہے کہ وہ آگے آئیں اور پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان مضبوط باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے ڈنمارک کی غیر استعمال شدہ بین الاقوامی تجارتی منڈیوں کو تلاش کریں۔