ملتان ،12دسمبر(اے پی پی): پاک انگلینڈ کرکٹ ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران صفائی کے حوالے سے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کی کارکردگی شاندار رہی۔بہترین کارکردگی دکھانے پر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او حق نواز چوہان نے ورکرز کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ کمپنی نے انٹرنیشنل ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور میڈیا پر مشتمل غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے موقع پر کرکٹ اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم روٹ پر صفائی کے بہترین انتظامات کئے گئے اور کمپنی ورکرز نے ڈیوٹی اوقات کی پرواہ کئے بغیر خدمات سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ورکرز نے شہر میں صفائی کا معمول کا آپریشن بھی جاری رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے بھی کمپنی ورکرز کی کارکردگی کو سراہا ہے۔حق نواز چوہان نے کہا کہ کرکٹ کے انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی شہر اولیاء کے لئے ایک اعزاز ہے اور ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی آئندہ بھی قومی اور بین الاقوامی ایونٹس کے موقع پر بہترین کارکردگی کی روایات برقرار رکھے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شہریوں کے ہر اعتماد پر پورا اترے گی۔











