ملتان، 07 دسمبر(اے پی پی ): پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین 9 دسمبر کو کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے لئے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی صفائی اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے کرکٹ ٹاکرا کے لئے اسٹیڈیم چمکا دیا ہے۔
ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز گزشتہ چھ روز سے کرکٹ اسٹیڈیم کی صفائی میں مصروف تھے۔ اسٹیڈیم کے دونوں پولین کی بہترین صفائی کردی گئی ہے اور پانی سے دھلائی کی وجہ سے تمام انکلوژر میں نصب رنگ برنگی نشستوں کے رنگ نکھر گئے ہیں۔
اسٹیڈیم کے تمام انکلوژرز اور اسٹیڈز کو پانی سے واش کردیا ہے۔پانچ روزہ کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوران بھی اسٹیڈیم کی روزانہ صفائی جاری رہے گی شہر سے کرکٹ اسٹیڈیم جانیوالے روٹ کی صفائی بھی زوروں پر ہے۔شہر کی تمام بڑی شاہراہوں کی سکریپنگ کی جاری ہے اور تاریخی قلعہ کہنہ قاسم باغ کی صفائی کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔دوسرے شہروں سے آنیوالے شائقین کرکٹ کی آمد کے پیش نظر شہر کے داخلی سڑکوں کی صفائی بھی جاری ہے۔صفائی کے مثالی انتظامات کے لئے کمپنی کی تمام مشینری اور ورک فورس فیلڈ میں مصروف ہے اور ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او حق نواز چوہان صفائی انتظامات کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔











