ہنگو،23 دسمبر (اے پی پی ): پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اقلیتوں کا کردار روز روشن کی طرح عیاں ہے، پریم نگر میں ہندو سکھ،عیسائی اور مسلمانوں کا بھائی چارا پورے ملک کیلئے ایک مثال ہے۔ اتحاد، محبت اور یگانگت کو فروغ دیکر ہم پر امن معاشرے کی تشکیل ممکن بنا سکتے ہیں، عیسی علیہ سلام نے اللہ کا پیغام انسانیت کو پہنچایا اور انسانیت کی عظمت کو دنیا کے سامنے تسلیم کرایا۔ کرسمس کے موقع پر مسیح برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد ہیش کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فہید اللہ خان، تحصیل چئیرمین عامر غنی، بین المذاہب ہم آہنگی کے رہنماء میاں فرید کاکاخیل، ویلج چئیرمین تراب خان و دیگر نے پریم نگر ہنگو میں کرسمس کے مناسب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی امجد حسین، ایس ایچ او فیاض خان، ویلج چئیرمین جبار علی، ایڈیشنل ایس ایچ او ثواب علی، ہندو ،سکھ اور مسیحی برادری کے مشران اور صحافیوں کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پی پی پی خیبر پختونخواہ مینارٹی کے صدر نصیب چند اور پریم نگر تحصیل کونسل کے ممبران نعمت کمار، فرید سنگھ، سدھیر مسیح، ایلڈر یعقوب مسیح، سنی سنگھ، منہندر کمار چوہدری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانوں اور صحافیوں کو پریم نگر میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ پریم نگر کے باسی مختلف مذاہب کے پیروکار ہونے کے باوجود مثالی بھائی چارے کے فضا میں بندھے ہوئے ہیں اور پیار محبت کیساتھ رہ رہے ہیں تاہم 2 سال پہلے ہندوں، سکھ اور مسیح برادری کے درمیان جو اختلافات پیدا ہوئے ان کی وجہ سے پریم نگر کے باسیوں کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا تاہم بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے ممبران اور عمائدین کی کوششوں سے ہمارے درمیان اختلافات کا خاتمہ ہوا ہے اور ہم باہمی اتفاق بھائی چارے اور امن کیساتھ رہنے کا عہد کرتے ہیں اور جن افراد نے ہمارے درمیان مصالحت کیلئے کردار ادا کیا ہم ان کے مشکور ہیں۔
اقلیتی رہنماوں نے سابق صوبائی وزیر شہید غنی الرحمان کو پریم نگر کے عوام کیلئے بھر پور سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوششیں کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
تحصیل چئیرمین عامر غنی نے کہا کہ جس طرح میری والد محترم نے پریم نگر کی عوام کی خدمت کی ہے اسی جذبے کے تحت وہ پریم نگر کے باسیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق اور محبت سے مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فہید اللہ خان نے کرسمس پر پریم نگر کی باسیوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پریم نگر میں ہندو سکھ عیسائی اور مسلمان ایک گلدستے کی طرح مثالی بھائی چارے کی فضا میں آباد ہیں جو ملکی ترقی کیلئے نیک شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پریم نگر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔
ویلج چئیرمین تراب خان، امن کمیٹی کے رہنماء میاں فرید، و دیگر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پریم کے باسیوں کے درمیان اختلافات کے خاتمے کیلئے مخلصانہ کوششیں کیں اور اللہ تعالی نے ہمیں اپنے نیک مقاصد میں کامیابی سے ہمکنار کیا۔
اس موقع پر کرسمس کا کیک بھی کاٹا گیا اور ملک و قوم کی سالمیت ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعاوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔











