پشاور ، 26 دسمبر(اے پی پی): کینٹ ڈویژن کے حیات آباد سرکل پولیس کی اہم کارروائی،دہشت گردی اور مختلف جرائم کی غرض سے بھاری تعداد میں اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد ذہین اور محمد احمد کے ناموں سے ہوئی اور وہ ضلع نوشہرہ کے رہائشی ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان موٹرکار کے ذریعے اسلحہ ضلع خیبر کی جانب سے براستہ پشاور اور بعد ازاں ملک کے دوسرے شہروں کو سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے،کارروائی کے دوران 11 عدد کلاشنکوف ،22 عدد پستول اور 3 ہزار مختلف بور کے کارتوس برآمد ہوئے اور اسلحہ سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے ، گرفتار ملزمان سے مختلف زاویوں پر تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔
ایس پی کینٹ محمد اظہر خان نے کہا کہ کارروائی اے ایس پی حیات آباد ڈاکٹر محمد عمر کی سربراہی میں ایس ایچ او تیمور سلیم نے دیگر پولیس ٹیم کے ہمراہ کی ہے،برآمد شدہ اسلحہ ممکنہ طور پر دہشت گردی اور مختلف جرائم میں استعمال ہونے کا خدشہ تھا ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سپیشل ناکہ بندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔











