ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کا لیبیا کی پارلیمنٹ کے 12 رکنی وفد کے اعزاز میں عشائیہ

32

اسلام آباد،14دسمبر  (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے لیبیا کی پارلیمنٹ کے 12 رکنی وفد کے اعزاز میں بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں عشائیہ دیا۔ عشائیہ کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعاون، پارلیمانی و تجارتی وفود کے تبادلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ پاکستان لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی اور پارلیمانی روابط کے فروغ سے علاقائی ترقی میں بھی نمایاں پیش رفت ہوگی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

 ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، تعلیمی اور دفاعی سطح پر تعاون کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے اور پاکستان اور لیبیا سیاحت کی دولت سے مالا مال ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کومزید فروغ دے کر دونوں ممالک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔

 اس موقع پر ڈپٹی سپیکر فاوزی الطاہر النویری نے کہا کہ پاکستان خوبصورت ملک ہے اور سیاحت کے فروغ سے نمایاں بہتری آ سکتی ہے اور پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا، پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

عشائیہ میں سینیٹرز محمد صابر شاہ، افنان اللہ خان،ہلال الرحمن،سردار محمد شفیق ترین اور عبدالقادر نے بھی شرکت کی۔