کرپشن ہر معاشرہ کیلئے ناسور کا درجہ رکھتی ہے؛ گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن

10

لاہور،8دسمبر  (اے پی پی):گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ سچائی پر مبنی کامیابی ہی دائمی کامیابی ہے، کرپشن ہر معاشرہ کیلئے ناسور کا درجہ رکھتی ہے اور کرپٹ عناصر دوسروں کے حقوق سلب کرنے کا باعث بنتے ہیں۔

 جمعرات کو نیب لاہور کیجانب سے سالانہ عالمی انسدادِ بدعنوانی ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ  بطور انسان ہم سے پہلے اللہ کو اپنے اعمال کے جوابدہ ہیں اسکے بعد معاشرہ کو۔ انہوں نے کہا کہ قدرت کا اصول ہے کہ بظاہر کامیابی عارضی کامیابی ہے جبکہ سچائی پر مبنی کامیابی ہی دائمی کامیابی ہے۔

 گورنر پنجاب   بلیغ الرحمن نے کہا کہ آج کا دن ہر سال انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ بدعنوانی کے خلاف مزاحمت کے عزم کو تازہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جس معاشرہ سے امید ختم کر دی جائے وہ معاشرہ مایوسی کا شکار ہو جاتا ہے جیسا کہ ہماری سوسائٹی کو کلی طور پر کرپٹ کہا گیا لیکن حقیقت میں ایسا نہیں۔

نیب لاہور کے ڈائریکٹر جنرل علی سرفراز حسین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال 9 دسمبر انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے طورپر منایا جاتا ہے جس میں نیب کی جانب سے تقاریب کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے تاکہ مختلف طبقہ فکر کے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتے ہوئے کرپشن کیخلاف اجتماعی مزاحمت کے عزم کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔  انہوں نے کہا کہ نیب کا مشن ہے کہ ادارہ جاتی ریفارمزکو اپنی کارکردگی میں نکھار لانے کیساتھ ساتھ ادارہ کو مزید موثر اور پروقار بنایا جائے۔کرپشن کے ملکی معیشت پر اثرات کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلوانے میں نیب کا کلیدی کردار رہا ہے۔

        تقریب میں دیگر مہمانانِ گرامی میں تسنیم نورانی، ڈاکٹر اصغر ندیم سید، وائس چانسلر گورنمنٹ ہوم اکنامکس کالج   پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، سیکرٹریز، میڈیا نمائندگان، اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔