فیصل آباد، 07 دسمبر (اے پی پی): ضلعی الیکشن کمشنر فیصل آبادباسل اکرم نے کہا ہے کہ ہر ووٹر کا ووٹ انتہائی قیمتی اور ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے مگرملکی آبادی کا نصف سے زائد حصہ ہونے کے باوجود مردوں کے مقابلے میں خواتین کے ووٹوں کا اندراج بہت کم ہے لہٰذاخواتین کو قومی ترقی کے دھارے میں شریک ہونے کیلئے نہ صرف اپنے ووٹوں کا اندارج کروانابلکہ انتخابات میں اپنے ضمیر کی آواز اور قومی امانت کے طور پر اس کا استعمال بھی یقینی بنانا ہوگا۔
یہ بات ضلعی الیکشن کمشنر فیصل آبادIباسل اکرم نے بدھ کو ضلعی الیکشن کمیشن آفس فیصل آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق ووٹوں کی اہمیت کے حوالے سے منائے جانیوالے ووٹروں کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہی۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن کے حوالے سے سب کیلئے پیغام ہے کہ وہ بطور ووٹر اپنی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ووٹ کا اندراج یقینی بنوائیں۔
باسل اکرم نے کہاکہ الیکشن کمیشن کوشش کر رہاہے کہ ووٹروں کو ان کے گھروں کے قریب ووٹ ڈالنے کی سہولت میسر ہو تا کہ زیادہ سے زیادہ افراد ملک و قوم اور جمہوریت کی بہتر ی کیلئے اپنی رائے کا استعمال کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ فارم میں ووٹ تبدیلی کے حوالے سے گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے اپنی تجاویز،ہدایات و آگاہی سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر جاری کرتا رہتا ہے تاکہ شہری اس سے بھرپور استفادہ کرسکیں۔
باسل اکر م نے کہا کہ ضلعی ایجوکیشن کے ادارے نے الیکشن کے انعقاد سے لے کر تمام مراحل میں ہمیشہ الیکشن کمیشن کا بھر پور ساتھ دیا ہے جس کیلئے وہ انکے مشکور ہیں۔
ووٹروں کے قومی دن کی تقریب سے خطاب میں ضلعی الیکشن کمشنرفیصل آباد IIعرفان کوثر نے کہا کہ مذکورہ دن کو منانے کا مقصد یہ ہے کہ1970 میں پاکستان میں پہلی بار ایک فرد ایک ووٹ کی بنیاد پر پہلے جنرل الیکشن ہوئے جس کی مناسبت سے ہر سال 7 دسمبر کو ووٹروں کا قومی دن منایا جاتا ہے جس میں ہر طبقہ فکر کے افراد کو ووٹ کے اندارج اور حق رائے دہی کے درست استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1970 کے اس دن ملکی تاریخ میں پہلی بار ووٹرز کا ٹرن اوور 66 فیصد تھا مگر اس کے بعد یہ ٹرن اوورکبھی برقرار نہ رہ سکا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ادارے مضبوط کرنے کی جدوجہد کرتے رہے ہیں مگر بدقسمتی سے ووٹروں کی اہمیت کے حوالے سے سازگار ماحول نہ بنایا جا سکا اورا س بارے میں معاملات سست روی کا شکار رہے۔
عرفان کوثر نے کہاکہ شہریوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اہمیت سے آگاہی ناگزیر ہو چکی ہے لہٰذا اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی طرف سے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی طرف سے ووٹ کاسٹ کرنے کے حوالے سے درپیش بعض مسائل کے حل کیلئے بھی ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز حبیب الرحمن،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملک محمد سرور، تقریری مقابلے جیتنے والے طلبا و طالبات، الیکشن آفیسر زرویہ امجد، ماہر تعلیم محمد اختر بٹ اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر دن کی مناسبت سے آگاہی واک بھی منعقد کی گئی جس میں شامل شرکا نے ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔











