آصف علی زرداری پر قاتلانہ حملہ کی سازش کے  الزامات ، پی پی پی  کا  عمران خان کے خلاف  قانونی کارروائی کا اعلان

10

اسلام آباد۔28جنوری  (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے پارٹی قیادت پر جھوٹے الزامات پر قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا۔ ہفتہ کو پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنمائوں وزیراعظم کے مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ، پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید  نیئر حسین بخاری اور فرحت  اللہ بابر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری پر قاتلانہ حملہ کی سازش کے جھوٹے الزامات لگائے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے، عمران خان نے آصف علی زرداری پر دہشت گرد تنظیم کو ان کے قتل کیلئے پیسے دینے کا الزام لگایا تھا۔ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ اگر عمران  خان  نے اپنے الزامات واپس نہ لئے تو ان کے خلاف قانونی جنگ شروع کریں گے، عمران خان  نے خود کو سیاست میں رکھنے کیلئے ایسے عجیب و غریب الزامات لگائے اور دعوے کئے ہیں تاہم اس بار پی ٹی آئی کے سربراہ نے سنگین الزامات لگائے ہیں جن کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کا نوٹس لے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ ناکامی اور مایوسی کے دورمیں اداروں کونتقید کا نشانہ بنایا ہے، سپریم کورٹ ان الزامات کی تحقیقات کرے اور الزامات جھوٹے ثابت ہونے پر عمران خان کے خلاف مناسب کارروائی کرے۔