اٹک،22 جنوری (اے پی پی): تحصیل حضرو کے نواحی علاقہ ہارون چوک میں سوئی گیس دھماکے سے مکان کی دیوار اور چھت گرنے سے میاں بیوی اور بچوں سمیت سات افراد زخمی ہو گئے ہیں،حادثہ لیکج کے باعث گیس کمرے میں جمع ہوجانے کے باعث اس وقت پیش آیا جب صبح ناشتہ بنانے کیلئے خاتون خانہ نے ماچس کی تیلی جلائی اور یکدم دھماکہ سے مکان کی دیوار اور چھت گر گئی جس سے کمرے میں موجود گھر کے تمام افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں میں گھر کا سربراہ سلطان افسر ولد زرین خان، مسز سلطان اور پانچ بچے سات سالہ مناہل بی بی، چھ سالہ ام ہانیہ، چار سالہ حوریہ بی بی اور ایک سالہ محمد حسنین جھلس گئے جبکہ مکان کا ملبہ اوپر گرنے سے شدیدچوٹیں بھی آئیں، دھماکے کی آواز سن کر اہل محلہ اور ریسکیو 1122نے فوری امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو پہنچایا جن میں سے میاں بیوی اور دو بچوں کو تشویشناک حالت میں بے نظیر بھٹو شہید ہسپتال راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔