لاہور۔19جنوری (اے پی پی):وفاقی حکومت اورڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون نے کارروائی کر کے 70 غیر قانونی کرنسی سمگلرزاور ہنڈی حوالہ ڈیلرز کو گرفتار کر کے 22 دوکانیں سیل کر دیں۔ڈائریکٹر ایف آ ئی اے سرفراز خان ورک نے جمعرات کو یہاں ایف آ ئی اے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے ٹیم کے ہمراہ صادق پلازہ مال روڈ ،نابھہ روڈ اور موج دریا روڈ پر چھاپہ مارکرغیر ملکی کرنسی کی غیر قانونی خرید وفروخت کے کاروبار میں ملوث 70 سمگلرزاور ہنڈی حوالہ ڈیلرز کو گرفتار کر کے 22 دوکانیں سیل کر دیں جبکہ8 افراد سے ابتدائی تفتیش جاری ہے، غیر قانونی کرنسی سمگلرز کیخلاف جاری کریک ڈائون میں اب تک ایف آئی اے لاہور40 مقدمات کا اندراج کروا چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اجازت کے بغیر کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت کا کام کر رہے تھے،گزشتہ دو ماہ سے جاری کریک ڈائون میں اب تک ایف آئی اے لاہور نے تقریباً 2 لاکھ 14ہزار امریکی ڈالرز،26 ملین روپے کی دیگر غیر ملکی کرنسی اور 250 ملین روپے کی پاکستانی کرنسی بر آ مد کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اب تک بر آ مد کی گئی ملکی و غیر ملکی کرنسی کی کل مالیت تقریبا 324 ملین روپے بنتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف آئی اے لاہور کا کرنسی سمگلرز اور غیر قانونی کرنسی ایجنٹس کیخلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کاروبار میں ملوث پنجاب سے باہر صوبی خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں، ہم ایف آ ئی اے کے پی کے سے بھی رابطے میں ہیں اور وہاں پر بھی غیر قانونی کرنسی سمگلرز اور ہنڈی حوالہ ڈیلرز کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا غیر قانونی کرنسی سمگلرز اور ہنڈی حوالہ ڈیلرز کے خلاف آ پریشن سارا سال جاری رہتا ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لائسنس یافتہ ڈیلرز مال روڈ لاہور میں اپنا کاروبار کررہے ہیں انہیں بھی چیک کیا جائے گا،ان کے بارے میں ہم سٹیٹ بینک آ ف پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں اگر ان لائسنس یافتہ منی چینجرز میں سے کوئی غیر قانونی طور پر غیر ملکی کرنسی اور ہنڈی کے کاروبار میں ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔











