گوادر،02جنوری(اے پی پی): چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے گوادر کی ترقی و تعمیر اور لوگوں کو ریلیف اور بہتر سہولیات زندگی فراہم کرنے سے متعلق اقدامات کیے ہیں اور صوبائی حکومت کوشش کررہی ہے کہ گوادار کے عوام کو تمام بنیادی سہولیات زندگی فراہم کرے۔
ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے ضلع گوادر کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں منعقدہ اعلیٰ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری فشریز کاظم خان جتوئی، جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم نے شرکت کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ گوادر میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے امن و امان کی صورتحال برقرار ہے اور حالات خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی اور ہر صورت میں حکومتی رٹ قائم کریں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ کسی صورت گوادر اور ملحقہ علاقوں میں سیاحتی اور اسپورٹس سرگرمیاں متاثر نہیں ہونے چاہیے۔
اس موقع پر سیکریڑی فشریز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی ہدایت پر ڈی جی فشریز مسلسل غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف کا میاب کارروائیاں کررہا ہے، گزشتہ روز جیونی کے مقام پر غیر قانونی ٹرالر کو پکڑ کر عملہ سمیت حراست میں لے لیا ہے، کسی شخص کو ہرگز اجازت نہیں ہوگی کہ وہ غیرقانونی شکار کریں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ گوادر شہر سمیت دیگر علاقوں میں لوگوں کو پینے کی صاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور گوادر میں پوری بجلی جبکہ دیگر علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی مدت کم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ وہ گوادر کے حالات خراب کرے، احتجاج کا حق سب کو حاصل ہے لیکن ریاست اور حکومت کو چیلنچ کرنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مہمانوں سمیت سیاحوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، حکومت نے گوادار میں جاری احتجاج کرنے والے مظاہرین سے بار بار مذاکرات کیے اور ان کے تمام مطالبات پر عملدارآمد شروع کیا ہے۔