خیرپور،28جنوری(اے پی پی): سندھ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق ضلعی خیرپور کے مختلف تحصیلوں میں بارشوں سے متاثرہ افراد کو ریلیف، پانی کی نکاسی، صحت کی سہولیات اور دیگر اقدامات پر عمل درآمد کے لیے پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ،محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت اور روینیو کی جانب سے احمد پور میں کھلی کچہری منعقد کی گئی۔کھلی کچہری میں متاثرہ افراد کی جانب سے پانی کی نکاسی، رلیف، دواوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے شکایات اور تجاویز پیش کی گئی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشن پی ڈی ایم اے امد اد حسین صدیقی نے تعلقہ کنگری کے مختلف علاقوں میں برساتی پانی تین روز کے اندر ڈی واٹرنگ کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور پی ڈی ایم اے بارشوں سے متاثر افراد کے لیے رلیف، بحالی اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مضبوط منصوبہ بندی کے تحت کام کررہی ہے جبکہ بارشوں کے دوران جو افراد انتقال کرگئے ہیں ان کے ورثاءکو دس لاکھ روپے دیے جائیں گے اور فصلوں کے نقصان کے سروے کے مطابق 12 ایکڑ سے کم زمین کے مالکان کو فی ایکڑ 5 ہزار روپے معاوضہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کو فوری طورپر ٹینٹ اور راشن بھی دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور چنا نے کہا کہ متاثرہ افراد کی مزید مدد، رلیف پہنچانے کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی جامع رپورٹ بنا کر دیں گے جس پر سندھ حکومت، زراعت، آبپاشی، صحت، روینیو محکموں کی جانب سے کوششوں کو سیر حاصل بنایا جائے گا۔
کھلی کچہیری میں متاثرہ افراد کی جانب سے بارشوں کے نتیجے میں اسکولوں کی زبوں حالی، جانوروں کے نقصان اور دیگر معاملات پر شکایات اور تجاویز سمیت سفارشات پیش کی گئی۔
کھلی کچہیری میں متاثرہ افراد کی جانب سے نشاندہی کی گئی کہ تعلقہ کنگری کے مختلف علاقوں میں برساتی پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے جس پر متعلقہ محکموں کے افسران اور ضلعی انتظامیہ خیرپور کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ پانی کی نکاسی کے لیے افسران مقرر کرنے کے ساتھ مسائل کو حل کیا جائے گا۔
کھلی کچہری میں ڈائریکٹر آپریشن پی ڈی ایم اے امداد حسین صدیقی، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور چنا، سیکریٹری زراعت اعجاز علی مہیسر، ڈی جی ہیلتھ محمد جمن باہوٹو سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔











