سماجی ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے ، سب کو مل کر دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنا ہے ، تسنیم احمد قریشی

38

اسلام آباد۔31جنوری  (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی  برائے صنعت و پیداوار  تسنیم احمد قریشی   نے کہا  ہے کہ    سماجی  ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے اور ہمیں مل کر وطن عزیز سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنا ہے جس کے لئے تمام مسالک اور مذاہب کو مل کر کردار ادا کرنا ہے ۔انہوں نے   ان خیالات کا اظہار  ریزیلینٹ ویمن نیٹ ورک  کے  پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کے تعاون سے  سماجی ہم آہنگی ہماری ذمہ داری کے عنوان پر ایک سیمینار  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دہشتگردی کو جڑ  سے ختم کرنے کے لئےعملی  اقدامات کر رہی ہے۔سیمینار میں سرکردہ مذہبی رہنماؤں اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔ تمام شرکاء نے پشاور میں مسجد پر حملے کے افسوس ناک واقعہ کی مذمت کی اور شہداء کے بلند درجات کے لئے دعا کی ۔ سیمینار کے  شرکاء نے اس بات پر  زور دیا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم امن اور سماجی ہم آہنگی کے لیے مل کر کام کریں۔ سیمینار  سے سابق ممبر قومی  اسمبلی آسیہ ناصر اور ثریا اصغر نے بھی خطاب  کرتے ہوئے  کہا کہ سیاست دانوں ،  علما ء کرام، مذہبی شخصیات  اور سیکورٹی اداروں  کے ساتھ ساتھ ہر پاکستانی کو دہشتگردی کے خلاف مل کر اپنا  عملی کردار ادا کرنا ہے اور باشعور ، ترقی پسند معاشرے کو وجود میں لانا ہوگا۔  انہوں نے کہا کہ بہتر  ملکی معیشت کے لئے   پاکستان  میں امن و امان کی صورت حال کو  یقینی بنانا ہو گا جس کے لئے ہمارے ادارے کام کر رہے ہیں ۔