اوکاڑہ،02جنوری(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سرکاری ادارے لوگوں کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے تواتر سے اقدامات جاری رکھیں، لوگوں کو ریلیف دینا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے جس پر کسی شکل میں سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ،سرکاری محکموں میں ریڈ ٹیپ ازم کا خاتمہ بہتری کی جانب سفر ہے جس کو جاری و ساری رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل میں ریونیو عوامی کھلی کچہری میں سائلین کی درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے سائلین سے محکمہ مال کے دفاتر کی کار کردگی ،تحصیلدار قانون گو اور پٹواری کے طرز عمل اور لوگوں سے روا رکھے جانے والے سلوک سے متعلق بھی دریافت کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کے سرکاری دفاتر سے متعلقہ معاملات خصوصاََ زمین جائیداد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں عوامی کو ریلیف دیا جائے اور لوگوں کو با ر بار سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں ۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ مال کا فیلڈ سٹا ف اپنے اپنے حلقہ سے متعلق شکایات کی موقع پر جا کر تصدیق کریں اور اس کے حل کے لئے فوری اقدامات کریں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہیر لیاقت بیگ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل عبد الجبار، اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔











