اوکاڑہ،06جنوری(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں آٹا کی تواتر سے فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو سبسڈی پر فراہم کرنے کیلئے کئے جانے والے آٹے کے سٹالوں میں بھی اضافہ کیا جائے تاکہ لوگوں کو کسی جگہ بھی آٹے کے حصول میں مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے، پرائس مجسٹریٹس اپنے اپنے علاقوں میں آٹا کی مقررہ دوکانوں اور سٹال پر فراہمی کی بھی مانیٹرنگ کریں اور مقررہ نرخوں پر آٹے کی فروخت کو ہر حال میں یقینی بنا یا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں اشیاء ضروریہ کی مارکیٹ میں دستیابی ،مقررہ نرخوں پر فروخت اور دوسرے شہروں سے اوکاڑہ کی مارکیٹوں میں فراہمی کے معاملات کے جائزہ کے سلسلہ میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے صدر انجمن تاجران پر زور دیا کہ وہ مارکیٹوں میں مقررہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی فروخت اور دوکانوں پر نرخ نامے آویزں کرنے کے سلسلہ میں تعاون کریں تاکہ لوگوں کی سہولت اور آسانی کے معاملات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں ہفتہ میں 2 دفعہ سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کریں، مارکیٹوں میں پرائس مجسٹریٹس اپنی موجودگی کا احساس دلائیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت لوگوں کی سہولت اور آسانی کے اقدامات کر رہی ہے اس پر عملد ر آمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایل پی جی گیس کی فراہمی اور اس سلسلہ میں حفاظتی اقدامات کی سختی سے پابندی کی جائے اور جو دوکاندار غیر قانونی ڈی کینٹنگ میں ملوث پائیں ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں کا مطمع نظر لوگوں کی سہولت اور آسانی ہے اور اس سلسلہ میں کوئی سرکاری محکمہ غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کرے، پرائس مجسٹریٹس اپنی ذمہ داری اور فرض شناسی سے لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرسکتے ہیں اور انہیں یہ کام روزانہ کی بنیا د پر کرنا ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریو نیو ظہیر لیاقت بیگ ،اسسٹنٹ کمشنرز ،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ،پرائس مجسٹریٹس ،ڈسٹرکٹ آفیسر آئی پی ڈبلیو ایم سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











