فیصل آباد کی تاریخ میں پہلی بار خاتون کمشنر تعینات، سلوت سعید نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

4

فیصل آباد۔30جنوری  (اے پی پی):سلوت سعید نے فیصل آباد کی تاریخ میں پہلی خاتون کمشنر کے طور پر عہدے کا چارج سنبھال لیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آبادعمران حامد شیخ سے ملاقات کی اور ضلع کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ لیتے ہوئے ترجیحات سے آگاہ کیا۔اس موقع پرڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے گنے کے کریشنگ سیزن پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے کسانوں کو گنے کی ادائیگیوں،وزن پورا ملنے کی تفصیلات حاصل کیں۔انہوں نے کھادوں کی دستیابی اورمقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔ڈویژنل کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو گنے کی کریشنگ سیزن کے اختتام تک مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسانوں کو 100 فیصد ادائیگیوں کو یقینی بنائیں۔انہوں نے پرائس کنٹرول میکنزم پر بھرپور عملدرآمد کا بھی حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد گداگری مہم،پرائس کنٹرول میکنزم،فری شٹل سروس پر عملدرآمد اورمسافربس سٹینڈز میں مسافروں کے لئے فراہم کی جانیوالی سہولیات سے آگاہ کیا۔دریں اثنا ڈویژنل کمشنرطبی وانتظامی امور کو چیک کرنے کیلئے اچانک الائیڈ ہسپتال پہنچ گئیں۔ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈویژنل کمشنر نے سرجیکل ایمرجنسی،میڈیکل ایمرجنسی،او پی ڈی،انسولین بینک،کینسر وارڈ،ڈینگی وارڈ اور ریجنل بلڈبینک کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت اور مریضوں ولواحقین سے ادویات کی فراہمی وعلاج معالجہ کی صورتحال بارے دریافت کیا۔