اسلام آباد،12جنوری (اے پی پی ): وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان کا شکریہ ادا کرتا ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی فنڈ کے ایک چار رکنی وفد سے گفتگو میں کیا،وفد نے جمعرات کو یہاں سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان المرشد کی سربراہی میں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔
وزیر اعظم نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان پر سعودی عرب کی عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہ پاکستان سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی امداد کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیراعظم نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پرسعودی وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ملاقات میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار ، وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔











