پشاور، 31 جنوری(اے پی پی): پشاور پولیس لائن بم دھماکہ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے لنڈی کوتل تحصیل کمپاؤنڈ مسجد میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ دعائیہ تقریب میں ضلع خیبر پولیس حکام، ضلعی انتظامیہ آفیسرز، سیکورٹی فورسز آفیسرز، قومی مشران، طلباء اور تاجروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ختم القرآن کے آخری کلمات اور دعا مولانا محمد حسین صاحب نے پڑھائی، قران خوانی کے بعد سانحہ پشاور پولیس لائن مسجد دھماکے کے شہداء کی مغفرت اور ملکی سلامتی اور امن کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
بعد ازاں لنڈی کوتل پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او حاجی آکبر آفریدی نے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے صدقہ خیرات کا اہتمام بھی کیا۔