ہر ضرورت مند اور غریب کی مدد اس کی دہلیز پر کی جائے، وفاقی وزیر ساجد حسین طوری

18

اورکزئی، 27 جنوری (اےپی پی): وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی، ساجد حسین طوری نے ضلع اورکزئی کا دورہ کیا۔ انہوں نے کلایا میں بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور ہے کہ ہر ضرورت مند اور غریب کی اس کی دہلیز پر مدد کی جائے۔ کلایا اور اورکزئی کے دیگر علاقوں کے لوگوں کو رجسٹریشن کے لیے ہنگو جانا پڑتا تھا۔ کلایا میں بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ آفس کے کھلنے سے یہاں کے لوگوں کو آسانی ہوگی۔کلایا ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ٹی بی کی جدید لیبارٹری قائم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے ضلع اورکزئی کے علاقے کوریز میں جلسہ عام  سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے اور بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وزیراعظم ہوں گے۔ پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں اور غریبوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔تمام قبائلی اضلاع قدرتی معدنیات سے مالا مال ہیں اور لوگ محنتی اور محب وطن ہیں۔اورکزئی میں کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے ورکرز کو EOBI میں رجسٹرڈ کیا جائیگا۔ مزدوروں اور عوام کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ کوریز میں ایمبولینس سروس شروع کرے گا۔

 انہوں نےمزید کہاکہ انضمام کے وقت قبائلی عوام سے جو وعدے کیے گئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔موجودہ حکومت تعمیر، تعلیم اور ترقی کے ذریعے قبائلی اضلاع کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ قبائلی اضلاع کے عوام کی محرومیوں کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔