یو اے ای  کا  دورہ  دو طرفہ دوستی کو سٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے میں مدد دے گا،وزیراعظم  سے پاکستان بزنس کونسل متحدہ عرب امارات کے وفد کی ملاقات

11

ابوظہبی،13جنوری  (اے پی پی):وزیراعظم محمد  شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کا یو اے ای  کا  دورہ  دو طرفہ دوستی کو سٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے میں  معاون ثابت  ہوگا ۔

جمعہ کو پاکستان بزنس کونسل متحدہ عرب امارات کے   وفد سے یہاں   ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے   کہا کہ انھیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ پاکستانی بزنس مین اپنی محنت اور تجربے کو بروے کار لاتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں اپنا اور پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے انکی ملاقاتیں کامیاب رہیں،ان کا  یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں عالمی برادری نے توقع سے بڑھ کر اعلانات کیے۔وزیراعظم نے پاکستان بزنس کونسل متحدہ عرب امارات کے وفد کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں توانائی ، رئیل اسٹیٹ،انفارمیشن ٹیکنالوجی ،متبادل توانائی، فوڈ پراسیسنگ ، سیاحت اور  دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں اور بزنس مین کو تمام تر سہولیات دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تجاویز کے ساتھ پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔وفد نے حکومتی معاشی پالیسیز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار،وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔