اسلام آباد،11فروری(اے پی پی):وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں آزاد کشمیر حکومت نے تعلیمی پالیسی (2023 2040) کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہفتہ کو یہاں منعقدہوا۔ اجلاس میں وزراء کرام ،مشیران اور معاونین خصوصی نے شرکت کی۔
اجلاس میں تعلیمی پالیسی (2023 2040) کی اصولی منظوری دی گئی۔پالیسی کے تحت ہر بچے کیلئے تعلیم لازمی و مثالی سکول مثالی معاشرے کے سلوگن کے تحت رابطہ مہم شروع کی جائے گی،پرائمری تک طلباء کو کتابیں مفت دی جائیں گی۔
وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ تعلیمی پالیسی کے حوالے سے کابینہ ارکان کو اسکے تمام جزیات پر بریفننگ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پڑھانے کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزادکشمیر کو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ اسنے دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے پہلے تعلیمی پالیسی بنائی،تعلیمی پالیسی کی منظوری ریاست میں تعلیم کے فروغ کیلئے اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ،ایس ایم بی آر سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔