ترکیہ زلزلہ زدگان کی امداد کے لئےوزیراعظم ریلیف فنڈ قائم ، وفاقی کابینہ ایک ماہ کی تنخواہ اورگریڈ 18 سے گریڈ 22 کے افسران ایک دن کی تنخواہ عطیہ دیں گے

8

اسلام آباد،7فروری(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لئے ریلیف فنڈ قائم کردیا، وفاقی کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ جبکہ گریڈ 18 سے گریڈ 22 کے سرکاری افسران کی ایک دن کی تنخواہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لئے قائم فنڈ میں بطور عطیہ دی جائے گی۔

 اس بات کا فیصلہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس کے آغاز میں وفاقی کابینہ نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کی مغفرت، اہلِخانہ کے لئے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

وفاقی کابینہ نے وزیر تجارت سید نوید قمر کے بہنوئی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے کابینہ کو زلزلے کے فوراً بعد ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے  اپنے ٹیلیفونک رابطہ کے بارے میں بتایا جس میں اُنہوں نے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، ترکیہ 2022 کے تاریخی سیلاب میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد میں پیش پیش رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں بالکل اکیلا نہیں چھوڑے گی، میں بذاتِ خود کل زلزلہ زدہ علاقوں کے دورے کے لئے ترکیہ روانہ ہورہا ہوں۔ و

زیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے اور پاکستان ایئرفورس کی پروازیں ریسکیو ٹیمیں اور امدادی سامان لے کے ترکیہ روانہ ہوچکی ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس بھی امدادی ٹیموں میں شامل ہیں جبکہ مزید امدادی سامان کی ترسیل جاری رہے گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لئے ایک ریلیف فنڈ قائم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں سے اس فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے کی اپیل کی۔

وزیراعظم نے کاروباری افراد اور مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اِس ریلیف فنڈ میں عطیات دیں۔ وفاقی کابینہ نےمتفقہ طور پر ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ کرنے  کا فیصلہ کیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت کے گریڈ 18 سے گریڈ 22 کے  افسران کی ایک دن کی تنخواہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے قائم ریلیف فنڈ میں بطور عطیہ دی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس المناک قدرتی آفت میں ترکیہ اور شام کی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کی جانب سے ان کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ نے صدر نیشنل بینک آف پاکستان کی تقرری کے عمل کو ازسرنو شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے اس عمل کو فوری بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے گئے کریمنل لاز/قانون فوجداری (ترمیمی )بل 2023 کے حوالے سے ایک کابینہ کمیٹی قائم کر دی جو بل کو مسودے کا بغور جائزہ لے کر اپنی رپورٹ اگلے کابینہ اجلاس میں پیش کرے گی۔ کمیٹی میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق اور وفاقی کابینہ میں موجود تمام اتحادی جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔