بہاولپور؛18ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی 2023 کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی

36

بہاولپور، 7 فروری (اے پی پی): 18ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی 2023 کی ٹرافی کی رونمائی گرینڈ روہی ڈی ایچ اے بہاولپور میں کر دی  گئی ہے ۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور، پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے بہاولپور بریگیڈیئر (ر) بشارت، ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور رائے بابر سعید اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی آغا علی عباس نے  ٹرافی کی نقاب کشائی کی۔

اس موقع پر ڈی ایچ اے بہاولپور اور ٹی ڈی سی پی کے درمیان خطے میں سیاحت کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی ایک انٹرنیشنل سپورٹس ایونٹ بن چکا ہے اور دنیا بھر میں اس کی پہچان ہے، تقریب کے انعقاد میں تمام سرکاری محکموں کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی میں فوڈ فیسٹیول، دستکاری، ثقافتی و دیگر تفریحی پروگرام شامل ہیں۔

منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی آغا علی عباس نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص  اجاگر کیا جائے گا اور پاکستان اور بالخصوص چولستان کی ثقافت اور تاریخ کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کواڈ بائیک، ڈرٹ بائیک، اور ٹرک ریس بھی اس سال کی انٹرنیشنل ڈیزرٹ ریلی کا حصہ ہوں گی۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) بشارت نے کہا کہ ٹی ڈی سی پی کے ساتھ دستخط شدہ ایم او یو کے تحت ڈی ایچ اے میں مختلف ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 ایونٹ منیجر نعمان خان نے بتایا کہ 18ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی میں غیر ملکی ڈرائیورز بھی شرکت کر رہے ہیں۔