حکومت کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر پر عالمی آگاہی میں اضافہ ہوا ہے، نوابزادہ افتخار احمد خان بابر

2

اسلام آباد،03فروری  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نوابزادہ افتخار احمد خان بابر نے کہاہے کہ حکومت کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر پر عالمی آگاہی میں اضافہ ہوا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے ،5 اگست 2019 کے اقدامات سے بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ،بھارت نے 44 لاکھ سے زائد غیر ریاستی کشمیریوں کو جموں و کشمیر کا ڈومیسائل جاری کیا ہے،حلقہ بندیوں میں تبدیلی سے بھارت مقبوضہ کشمیر پر ہندو وزیراعلیٰ نافذکرنا چاہتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   ایم این اے وجہیہ قمر اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے ہمراہ   یوم یکجتی کشمیر کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔نوابزادہ افتخار احمد خان بابر نے کہا کہ  5فروری کو اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کریں گے، یوم یکجہتی کے حوالے سے حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتوں نے متعدد تقاریب ترتیب دے رکھی ہیں، ایل او سی کے دونوں اطراف یکجہتی سے بھرپور پیغام پہنچائیں گے۔

 نوابزادہ افتخارنے کہاکہ میرے والد نوابزادہ نصر اللہ خان نے بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی خدمات سر انجام دیں ،5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے وہ بھی کوششوں کا حصہ تھے،ان حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے ہماری پالیسی میں یکسوئی ہونا ضروری ہے ، گزشتہ حکومت کے دور میں  پاکستان کے تعلقات سعودی عرب ، چین اور امریکہ سمیت تمام دوست ممالک سے متاثر ہوئے،اہم مسائل سے متعلق پالیسیوں پر تسلسل کے عمل درآمد وقت کی اشد ضرورت ہے ،پوری قوم سے یوم یکجہتی کے حوالے سے تقاریب میں شرکت کی بھرپور اپیل کرتا ہوں،نوجوان سوشل میڈیا پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بھرپور انداز سے بلند کریں۔

حریت رہنما غلام محمد صفی قاضی حسین احمد نے اپنے خطاب میں کہاکہ  یومِ یکجہتی کشمیر 5 فروری کو منانے کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کا کردار ہے،  نواز شریف اور بے نظیر حکومت نے 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کے لئے اقدامات اٹھائے،  5 فروری ایسا دن ہوتا ہے جس دن پوری پاکستانی قوم یکجا ہو جاتی ہے،  ہمیں مسئلہ کشمیر کے لئے تمام تر اختلافات کو بھلا کر ایک ہو جانا چاہئے،  ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کا نعرہ مقبوضہ کشمیر سے بلند ہوا،  پاکستانی عوام کے اظہار یکجہتی سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں،  ہمیں شہید، نابینا اور بے گھر کیا جاسکتا ہے لیکن حق خود ارادیت کے لئے ہمارے جذبے کو نہیں دبایا جا سکتا۔

محمود احمد ساغر نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 45 لاکھ ڈومیسائل ایشو کر چکا ہے،  غزہ میں جو اسرائیل کر رہا ہے وہی بھارت کشمیریوں کے ساتھ کر رہا ہے،  مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،  خطے میں غربت اور افلاس کے خاتمے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، مقبوضہ کشمیر کی تمام بڑی سیاسی قیادت بھارتی جیلوں میں قید ہے،  مسئلہ کشمیر 70 سالوں سے حل طلب ہے۔

  ایم این اے  وجہیہ قمرنے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت نے جنگیں لڑی لیکن جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، ہمیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات کی راہ ہموار کرانا ہو گی، عالمی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا حل کرے۔