خیبرپختونخوا کے 8قومی اسمبلی کے حلقوں پرضمنی انتخابات ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا

3

پشاور،3فروری(اے پی پی):خیبرپختونخوا کے 8قومی اسمبلی کے حلقوں پر16مارچ 2023 کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کے لئے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسران نے انتخابی قوانین کے مطابق پشاور میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے ، صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان نے ان سے حلف لیا۔

الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کے مطابق حلف اٹھانے والے ڈی آر اوز میں این اے 4 سوات کے لئے فرید اللہ، این اے 17 ہری پور کے لئے شوکت حسین، این اے 18 صوابی رحم زادہ،این اے 25 اور این اے 26 نوشہرہ کے لئے عبدالصمد خان ، این اے 32 کوہاٹ کے لئے انور اقبال،این اے 38 ڈیرہ اسماعیل خان کے لئے اعجاز احمد اور این اے 43 خیبر کے لئے شاہد علی شامل  ہیں۔

 ڈی آر اوزاپنے متعلقہ ریٹرننگ و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سے ان کے عہدوں کا حلف لیں گے جبکہ آر اوز بعدازاں پرئیذائیڈنگ افسران سے حلف لیں گے۔

شیڈول کے مطابق 3 فروری کو ریٹرننگ افسران نے پبلک نوٹس جاری کردیا۔ 6 سے 8 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے، 9  فروری کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی فہرست شائع اور 13 فروری  تک ان کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائیگی۔ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 16 فروری تک متعلقہ ایپلیٹ ٹرائیبونل کے پاس جمع کرائے جاسکیں گی۔

ایپلیٹ ٹرائیبونل کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلہ 20  فروری تک کیا جائیگا،21فروری کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائیگی،22فروری تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے،23فروری 2023 کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری اور انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائینگے جبکہ پولنگ 16 مارچ 2023 کو ہوگی۔