عمران خان نے اپنے دورمیں انتشار،فساداورخلفشار کے علاوہ قوم کو کچھ نہیں دیا؛ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

4

شرقپورشریف،03 فروری(اے پی پی ):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں انتشار،فساداورخلفشار کے علاوہ قوم کو کچھ نہیں دیا، وہ ایک جھوٹا اور ضدی شخص ہے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  علاقہ چک نمبر 22 میں گیس فراہمی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور  میڈیا سے گفتگو  میں کیا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز عدالت نے بھی الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل میں عمران خان  کے جھوٹے پن پر مہر ثبت کردی  ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ اور فرح گوگی عمران خان کے خلاف چارج شیٹ ثابت ہوگی اور یہ آئندہ ملکی سیاست کے لیے بھی نااہل ہوگا،پہلے عثمان بزدار نے کرپشن اور کمیشن کی ابتدا کی اور پرویز الہی اینڈ کمپنی نے اسے باہم عروج تک پہنچایا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت نے اپنے دور میں آئی ایم ایف سے جو معاہدے کیے اور پھر انہیں چھپایا اور بھارت اسرائيلی ایجنڈے پر چل کر ملک وقوم کو بے تحاشہ نقصان پہنچایا، اس کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ  مسلم لیگ ن کا مشن عوام کی بے لوث خدمت ہے۔

 وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جب بھی حکومت آئی  ملک ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہوا،اس وقت عمران خان کی کھڑی کی گئی  مشکلات کا سامنا ہے مگر ہم وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں دن رات محنت کررہے ہیں، انشا اللہ بہت جلد پاکستان کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔