سیالکوٹ؛ ڈپٹی کمشنر کاموسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح

9

سیالکوٹ،27فروری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے  موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا  ، انہوں  نے گورنمنٹ کرسچن گرلز ہائی سکول حاجی پورہ میں پودہ لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔

ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر  کہا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران ضلع سیالکوٹ میں 5 لاکھ 34 ہزار پودے لگائے جائیں گے  ، شجرکاری مہم میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ محکمہ جنگلات، ایجوکیشن، ہیلتھ ، بلدیات ، زراعت ، لائیو سٹاک سمیت تمام ڈیپارٹمنٹ حصہ لیں گے۔ اس مقصد کے لیے تمام محکموں کو اہداف دے دیے  گئے ہیں جبکہ کسانوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ اپنی ملکیتی اراضی پر درخت لگائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کے سربراہان طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ اپنے نام کا پودا لگائیں اور اپنے نام سے لگے پودوں کی مناسب دیکھ بھال کریں۔ انہوں نےشہریوں سےکہا کہ وہ اپنےحصےکا پودا لگائیں،مقامی ماحول سے ہم آہنگ پھلدار اور سایہ دار درختوں کو ترجیح دی جائے یہی واحد طریقہ ہے جس سے ماحولیاتی تبدیلیوں سے درپیش مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر  ہیڈ کوارٹرز اسما خلیل،سی ای او ایجوکیشن طارق راٹھور ، پرنسپل زرینہ شاہد،اساتذہ کرام، طالبات بھی موجود تھیں ۔