سیالکوٹ ؛نگران صوبائی وزیر صحت  کاتحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمبڑیال کا اچانک دورہ

6

سیالکوٹ،2فروری  (اے پی پی): نگران صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ز ہسپتال سمبڑیال کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

 وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر نگران صوبائی وزیر نے ٹی ایچ کیو سمبڑیال کی فارمیسی میں ادویات کی آمد واجراء کا ریکارڈ چیک کیا اور متعلقہ اہلکاروں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے شعبہ ایمرجنسی اور شعبہ میڈیکل کا بھی دورہ کیا، صفائی کی صورتحال چیک کی اور مریضوں، انکے لواحقین سے طبی سہولیات، ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولیات بارے دریافت کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے اور کوشش کی جائے گی کہ ان میں ہر ممکن بہتر لائی جائے۔ انہوں نے ڈاکٹرز و طبی عملہ سے بھی ملاقات کی اور انکے مسائل حل کرنے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔