عام انتخابات کا صاف اور شفاف انعقاد نگران حکومت کی پہلی ترجیح ہے؛اعظم خان

11

پشاور، 16فروری(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا پرامن ، صاف اور شفاف انعقاد پہلی ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار نگران وزیراعلیٰ اعظم خان نے نگران صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ نے بحیثیت نگران وزراءاور مشیر ذمہ داریاں سنبھالنے پر صوبائی کابینہ اراکین کو مبارکباد دی اور کہا کہ بعض ناگزیر وجوہات کی بناءپر کابینہ اجلاس تاخیر سے منعقد ہو رہا ہے ،کوشش ہوگی کہ آئیندہ کابینہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں نگران حکومت کا مینڈیٹ واضح طور پر درج ہے۔

 نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا اعظم خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں پر توجہ دے گی ، عام انتخابات کا پرامن ، صاف اور شفاف انعقاد پہلی ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے صوبے میں امن و امان کو بہتر بنانے کی پوری کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کو درپیش مالی وسائل کے پیش نظر کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عمل کیاجائے گا،۔

اعظم خان نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں لوگوں کو ہر ممکن سہولت دینے کی کوشش کی جائے گی ، اس مقصد کیلئے سستے بازاروں کے قیام اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، صوبہ بھر میں سرکاری آٹے کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

 نگران وزیراعلی نے رمضان میں صوبے میں گندم کے درکار اسٹاک کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔