لاہور، 14فروری(اے پی پی):خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر محنت، ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول حاجی منظور خان آفریدی نے دورہ لاہور کے دوران پنجاب کے نگراں وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور مواصلات و تعمیرات بلال افضل سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں وزراء کے مابین باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے اور صوبوں کے مابین گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس کی دوہری وصولی اور مختلف مشکلات اور پیچیدگیاں دور کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
پنجاب کے وزیر ایکسائز نے خیبرپختونخوا کی گاڑیوں سے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی ٹوکن ٹیکس وصولی کے بارے میں صوبائی حکومتوں اور محکمانہ سطح پر زیادہ آگاہی، ایک دوسرے کا موقف واضح کرنے اور مشکلات کے تدارک کیلئے سیکرٹریوں کی سطح پر ایک اجلاس بلانے کا عندیہ دیا اور اس ضمن میں عنقریب پیشرفت کا یقین دلایا ۔
حاجی منظور آفریدی نے اس فیصلے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسکی بدولت دونوں طرف حکومت اور عوام کی سطح پر اپنائیت کے جذبات کو فروغ ملے گا۔انہوں نے پنجاب میں صوبائی حکومت کے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سپیشل سکواڈز کو تفتیش اور تحقیقات کے مراحل سے گزرنے میں درپیش مسائل کا تذکرہ بھی کیا جس پر پنجاب کے صوبائی وزیر نے یہ معاملہ بھی مناسب سطح پر اٹھانے کی یقین دہانی کی۔
حاجی منظور آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں آئس نشے کی پھیلتی وباء کے پیش نظر انہوں نے اس معاشرتی ناسور کے خلاف جہاد کا آغاز کر دیا ہے اور اس سلسلے میں صوبے کے تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر بھرپور مہم چلانے کا پلان تشکیل دیا ہے۔ بلال افضل ہے حاجی منظور آفریدی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے پنجاب حکومت کی جانب سے بھی مناسب تعاون کا یقین دلایا اور انکے استدلال سے اتفاق کیا کہ ہماری نوجوان نسل میں آئس کا استعمال ایٹم بم سے زیادہ بڑا خطرہ بن چکا ہے جس کے مضمرات سے صوبائی حکومتیں بھی پوری طرح آگاہ ہیں۔
حاجی منظور آفریدی نے ان سے ملاقات اور جذبہ خیر سگالی پر بلال افضل اور پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔